سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار

April 09, 2020

سندھ کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا گیا، محکمۂ قانون سندھ آرڈیننس کا مسودہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کو منظوری کے لیے بھیجے گا۔

محکمۂ قانون سندھ کی جانب سے آئین پاکستان کے آرٹیکل 128 کے تحت سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت کورونا وائرس سے نبرد آزما عوام کو بڑا ریلیف دیا جائے گا۔

مسودے کے مطابق گورنر کی منظوری کے بعد سندھ کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس یکم اپریل سے پورے صوبے میں نافذ ہو گا۔

آرڈیننس کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ طبقات کو سماجی معاشی کاروباری ریلیف دیا جائے گا۔

آرڈیننس کے مسودے میں صوبےکے تمام نجی اسکولز پر 20 فیصد فیس کٹوتی لازمی قرار دی گئی ہے، کوئی نجی اسکول 80 فیصد سے زائد فیس وصول نہیں کر سکے گا۔

مسودے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکولز تمام طلبہ کو فیس میں 20 فیصد رعایت دینے کے پابند ہوں گے، نجی اسکولز انتظامیہ کم کی گئی 20 فیصد فیس کسی اور مد میں وصول نہیں کرسکے گی، کم گئی یہ 20 فیصد فیس مکمل معاف ہوگی اور قسطوں میں وصول نہیں کی جائے گی۔

سندھ کوروناایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کے تحت پانی، بجلی اورگیس فراہمی کے ادارے رہائشی، تجارتی اور صنعتی صارفین کو ریلیف دینے کے پابند ہوں گے

سندھ کی حدود میں کام کرنے والے تمام یوٹیلٹی سروسز کے اداروں پر سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا اطلاق ہوگا، جبکہ اس آرڈیننس کی خلاف ورزی پر سزا دی جائے گی۔

مسودے میں کہا گیا ہے کہ آرڈیننس کے تحت ریلیف نہ دینے پر موقع پر سزا ہوگی، آرڈیننس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

مسودے کے تحت صوبائی محصولات، سیس، فیس میں بھی رعایت دی جائے گی، محصولات، فیس اور سیس وصول کرنے والے محکمے رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: سندھ حکومت کا 14 اپریل سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان

مسودے کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آرڈیننس میں کسی بھی وقت ترمیم یا تنسیخ کا اختیار ہوگا۔

مسودے کے مطابق کرایے داروں کے لیے بھی بڑا پیکیج متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت 50ہزار روپے تک کا کرایہ مخصوص مدت تک معطل کیا جائے گا۔

مسودے میں کہا گیا ہے کہ معطل کیا گیا کرایہ بعد میں ادا کیا جائے گا، جبکہ 50 ہزار سے ایک لاکھ تک کا 50 فیصد کرایہ مخصوص مدت تک ادا کرنا ہوگا،باقی50 فیصد کرایہ بعد میں ادا کیا جائے گا۔

مسودے کے مطابق 155 یونٹ تک گیس کے بل معاف کیے جائیں گے، جبکہ 200 یونٹ تک گیس کے بل پر 25 فیصد رعایت ہوگی۔

مسودے کے تحت تین سو یونٹس کے گیس کے بل پر 50 فیصد رعایت ہوگی، تین سو یونٹس سے زائد کا گیس کا بل صارف کو ادا کرنا ہوگا۔

مسودے میں کہا گیا ہے کہ 800 اسکوائر یارڈ کے فلیٹ سے پانی کا بل وصول نہیں کیا جائے گا، ایک ہزار اسکوائر یارڈ کے فلیٹس کو پانی کے بل کی مد میں 25 فیصد رعایت ہوگی، جبکہ 12 سو اسکوائر یارڈ کے فلیٹس کو پانی کےبل میں 50 فیصد رعایت ہوگی۔