PIDC بم دھماکا کیس، ماسٹر مائنڈ عبدالحمید بگٹی بری

April 09, 2020

کراچی کے ریڈ زون میں پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ہاؤس (پی آئی ڈی سی) کے دفتر کے باہر کار بم دھماکے کے مقدمے میں سزا پانے والے مرکزی کردار عبدالحمید بگٹی کو سندھ ہائیکورٹ نے بری کردیا ہے جبکہ دیگر دو شریک مجرم بھائیوں کی سزائیں برقرار رکھی ہیں۔

کراچی کے ریڈ زون میں فائیو اسٹار ہوٹلز کے باہر اور ضیاءالدین احمد روڈ کے مرکزی چوک پی آئی ڈی سی پر سال 2005ء میں کار میں بم نصب کرکے دھماکا کیا گیا تھا۔

اس مقدمے میں جون 2007ء میں عبدالحمید بگٹی اور دو بھائیوں منگلا خان اور عزیز خان کو گرفتار کیا گیا تھا، تینوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جون 2014ء میں سزائیں سنائی تھیں جس کے خلاف شیخ جاوید میر ایڈوکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی گئی تھیں جن پرجسٹس کے کے آغا اور جسٹس ذوالفقار سانگی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے آج فیصلہ سنایا۔

ایڈووکیٹ شیخ جاوید میر کے مطابق ڈویژن بینچ نے مقدمہ میں دو شریک مجرمان بنگلا خان اور عزیز خان کی سزائیں برقرار رکھی ہیں جبکہ جاوید میر کے مطابق عبدالحمید بگٹی کو استغاثہ نے مرکزی ملزم ظاہر کیا تھا۔