انتظار قتل کیس میں فریقین کو نوٹس جاری

April 09, 2020

کراچی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے انتظار قتل کیس کے مرکزی ملزم اے سی ایل سی سابق ایچ ایس او طارق محمود کی درخواست ضمانت پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں انتظار قتل کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت کیس کے مرکزی ملزم سابق ایچ او طارق محمود کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کردی گئی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کے ملزم طارق محمود جیل میں علیل ہیں اور جیل میں علاج کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں لہذا ضمانت پر رہا کیا جائے۔

عدالت نے مرکزی ملزم طارق محمود کی درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے، عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی، کیس میں ابتک 5 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 13 جنوری 2018 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان انتظار جاں بحق ہوا تھا۔