حوثی باغی جنگ بندی کا موثر جواب دیں، امریکا

April 10, 2020

امریکا نے حوثی باغیوں سے کہا ہے کہ وہ یمن میں سعودی اتحاد کی جنگ بندی کا موثر جواب دیں، جب کہ حوثی باغیوں نے پیشکش کو سیاسی چال قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی اتحاد کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کے اعلان کو تعمیری قرار دیا اور حوثی باغیوں پرزور دیا کہ وہ اس کا جواب دیں۔

اس سے پہلے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے ترجمان محمد عبد السلام نے الزام لگایا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جارحیت ختم نہیں ہوئی، سعودی اتحاد کی جانب سے یمن میں فضائی حملے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جب دنیا کو کورونا کا سامنا ہے سعودی اتحاد اپنے بارے میں اچھا تاثر قائم کرنے کے لئے سیاسی اور میڈیا کی چال چل رہا ہے۔

حوثیوں کی سیاسی کونسل کے سکریٹری، یاسر الحوری نےکہا کہ سعودی ہر اعلان کی خلاف ورزی کرتے ہیں، انہوں نے باغیوں کی جانب سے پیش کیے گئے امن میپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا اعلان معاملے کا حقیقی حل پیش کرنے والے قومی وژن سے اجتناب ہے۔

واضح رہے کہ سعودی فوجی اتحاد کی جنگ بندی پاکستان کے وقت کے مطابق، دوپہر ایک بجے شروع ہونا تھی۔