زمین کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری

April 26, 2020

عالمی یومِ ارض کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ اپنی زمین کو کورونا وائرس اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رکھنا وقتِ حاضرہ کی اشد ضرورت اور ہمارا قومی فریضہ ہے۔مگر اب جس طرح ماحولیاتی آلودگی اور تبدیلی کے مسائل سے نمٹنا اور اس کے لیے اقدامات کرنا لازم ہو چکا ہے، اسی طرح امسال یومِ ارض کے موقع کی مناسبت سے مختلف انواع و اقسام کے جانوروں کے شکار اور کاروبار کو روکنا اہمیت کا حامل ہے جبکہ پودوں کی افزائش اور جنگلات کی کٹائی جیسے عوامل بھی ان کے تحفظ کا اہم پہلو ہیں۔ اگرچہ ملک گیر لاک ڈاؤن، صنعتوں کی بندش اور ٹریفک میں کمی سے ماحول میں مثبت تبدیلی اور اوزون گیسوں کے اخراج میں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے تمام جانداروں کو صاف ہوا میسر آئی ہے مگر یہ طرزِ زندگی فی الوقت کورونا سے بچاؤ کے لیےاپنایا گیا ہے جیسے ہی صنعتوں اور ٹریفک کے نظام دوبارہ شروع ہوں گے،ماحولیاتی آلودگی بڑھے گی اور اس کے منفی اثرات پھر سے ہونے لگیںگے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ماحول کو آلودگی اور اس کے باعث پیش آنے والی ماحولیاتی تبدیلیوں سے محفوظ کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ پائیدار معیشت کے حصول کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ جس طرح ماحولیاتی تبدیلی کو احتیاطی تدابیر سے روکا جا سکتا ہے، اسی طرح کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور انسانی جانوں کو لاحق خطرات بھی احتیاط برتنے سے کم کیے جا سکتے ہیں۔ ہمیں اپنی زمین کو کورونا اور ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچانا ہے اور احتیاطی تدابیر ہی ان کا بہترین علاج ہے۔ غریب عوام کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملکر مالی مدد کریں۔کورونا سے بچنا اور بچانا ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔آئیں اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہمیں مل کر کوروناکا مقابلہ کرنا ہےاور ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو روکنا ہے۔