حکومت نے شراب کا کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا، ڈاکٹر شہباز گل

May 20, 2020


وزیراعظم عمران خان کے اعزازی معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہحکومت نے شراب کا کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا.

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل نے اپنے ایک بیان میں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے شراب کا کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا ہے، کرپٹ لیگی رہنما محکمہ ایکسائز کا ایک جعلی لیٹر پھیلا رہے ہیں، ن لیگ سیاسی جماعت کم اور پراپیگنڈا سیل زیادہ ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے سابق وزیر خزانہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار وہ ہیں جو ملک کا اربوں روپیہ لوٹ کر اب قانون سے فرار اور اشتہاری ہیں، ان کے جھوٹ اور اعداد وشمار کی ہیرا پھیری آئی ایم ایف نے بھی پکڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کا پرانا طریقہ واردات ہے پہلے جھوٹی خبر پھر پروپیگنڈا عام کرتے ہیں، اپنی کرپشن اور لوٹ مار کا حساب دینے کی بجائے جھوٹے بیانات ان کی پالیسی ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے آپ کی سیاست بچاؤ مہم نہیں چلنے والی، پاکستانی عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کو پہچان چکے ہیں۔