یہ ڈھلتی شام، یہ قوسِ قزح کی رنگ آمیزی....

May 31, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈلز:عائشہ جاوید،شِفا زمان، زارا

ملبوسات: ریڈ باکس بائے شیخ عمران

آرایش:خاور ریاض سیلون

عکّاسی:عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

عید ایک ایسا تہوار ہے، جس کے ہرہر لمحے میں گویاخوشیوں، مسرتوں کے غُنچے کِھلے پڑتے ہیں،جب کہ بعد از عید، عید ملن پارٹیز اور دیگر تقریبات کا سلسلہ ان خوشیوں، مسرتوں کو کچھ اور بھی دراز کردیتا ہے، لیکن سال 2020ء کا یہ کیسا آغاز ہوا ہے۔ کیا کوئی سوچ بھی سکتا تھا کہ محض ڈیڑھ دو ماہ بعد دُنیا بَھر کی ہر خوشی کا موقع یوں لاک ڈاؤن کی نذر ہوجائے گا۔ بہرکیف، ان حالات میں باقاعدہ عید ملن تقریبات کا انعقاد تو ممکن نہیں، مگر اپنی فیملی(کزن وغیرہ)کے ساتھ گھر ہی میںایک عید ملن تقریب کا اہتمام کرکے خوشیاں ضروربانٹی جاسکتی ہیں۔ جیسے زیرِنظر شوٹ میں لڑکیوں بالیوں نے خُوب سج سنور کر، گھر آنگن میں خوشیوں کے گُل کھِلا کر آس پاس کا سارا ماحول خوش گوار کردیا ہے۔

ذرا دیکھیے تو، ایک ہم جولی کاسیاہ رنگ پیراہن کس قدر حسین لگ رہا ہے۔بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ نیٹ کی قمیص پر سیاہ رنگ ستاروں کا، جب کہ باٹم پرطلائی رنگ کام غضب ڈھا رہاہے۔دوسری کےگلابی رنگ شرارےکے ساتھ طلائی رنگ کام دار چولی خُوب جاذبِ نظر ہے،تو تیسری نے روایتی بنارسی سبز چولی کے ساتھ آتشی گلابی رنگ ڈبل لیئر شرارہ زیبِ تن کیا ہے، جس کا اِنر بنارسی ،جب کہ اَپر آرگنزا کا ہے اور گھیر پر بھاری کام ہے، تو کہیں کہیں خُوب صُورت چَھن بھی پڑے ہیں۔ پھر کنٹراسٹ میں نیلےرنگ دوپٹّے کے چاروں جانب چوڑی کام دار لیس کی آرایش بھی اچھی لگ رہی ہے۔

دوسرے انداز میں بھی تینوں نے انتہائی حسین ڈریسنگ کی ہے۔ ایک نے عنّابی رنگ ڈبل لیئر فرنٹ اوپن قمیص کے ساتھ چُوڑی دار پاجاما زیبِ تن کیا ہے، جس کا اِنر عنّابی رنگ میں، جب کہ اَپر میٹلک رنگ کروشیے سے بُنا ہوا ہے۔ دوسری نے لائٹ گرین غرارے کے ساتھ کام دار پیلپم انگرکھا پہنا ہے، توتیسری کے آتشی گلابی رنگ پہناوے کے ساتھ کنٹراسٹ میں آف وائٹ رنگ کام داردوپٹّا کیا غضب ڈھا رہا ہے۔ اِسی طرح ایک اور اسٹائلش لُک میں ایک کے سیاہ رنگ ٹراؤزر کے ساتھ قدرے چھوٹی شرٹ ہے، جس پر پیلے رنگ میں کام دار کوٹی کی ہم آمیزی ہے،تو دوسری کی سیاہ رنگ ساڑی بھی کچھ کم حسین نہیں اور تیسری کے گلابی رنگ کام دار پیراہن کے تو کیا ہی کہنے۔