دستر خوان کی شان چٹ پٹے، تیکھے پکوان

May 31, 2020

آج کل کے حالات کے پیشِ نظر فیملی کے ساتھ کسی ریستوران یا ہوٹل میں تو لنچ، ڈنروغیرہ ممکن نہیں،توپھر لیجیے، اس اتوارایک بار پھرہماری جانب سے پیش کردہ تراکیب آزما دیکھیں۔ یقین کریں، صورتِ حال بہتر ہونے کے بعدبھی اہلِ خانہ گھر ہی کا کھانا پسند کریں گے۔

ہریالی گوشت

اجزاء:گوشت ایک کلو، پیاز تین عدد، ٹماٹر(پیسٹ بنالیں) چار عدد،ثابت گرم مسالا، دہی آدھی پیالی، لہسن، ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، ہری مرچیں چھے عدد، لیموں کا رس دو چائے کے چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،سفید زیرہ(بھون کر کوٹ لیں)ایک چائے کا چمچ، سیاہ مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پانی ایک کپ، ہرا دھنیا اور پودینا آدھی آدھی گڈی اور تیل۔

ترکیب:سب سے پہلے ہرے دھنیا، پودینے، مرچوں اور لیموں کا رس گرائنڈ کرکے پیسٹ بناکر رکھ لیں۔ پھر ایک پتیلی میں تیل کڑکڑا کر پیاز سُنہری کرلیں۔ اس کے بعد اس میں گوشت ڈال کر بھون لیں۔ اب لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کرہلکا سا براؤن کرکےتمام مسالے، دہی ،ٹماٹر اور ہرے مسالے کا پیسٹ ڈال کر تھوڑا سا بھون کر پانی شامل کردیں۔ ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر گوشت گلنے دیں۔ جب گوشت گل جائے اور تیل نظر آنے لگے، تو چولھا بند کردیں۔ گرما گرم ہریالی گوشت تیار ہے۔ چاول،نان، چپاتی یا پراٹھے کے ساتھ سرو کریں۔

اجوائن مرغ

اجزاء:چکن ایک کلو ،دہی آدھا کپ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،اجوائن دو چائے کے چمچ، سُرخ مرچ(کُٹی ہوئی)آدھا کھانے کا چمچ، نمک حسب ِذائقہ،ہرا دھنیا حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب:ایک باؤل میں دہی،اجوائن، ادرک، لہسن کاپیسٹ، سُرخ مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے اس میں چکن ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔بعد ازاں ایک پتیلی میں تیل کڑکڑا کر چکن بمع مسالا ڈال کر اچھی طرح بھون لیں اور ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔جب تیل نظر آنے لگے، تو ہرا دھنیا چِھڑک کر دو منٹ کے لیے دَم دے کر چولھا بند کردیں۔

سجّی پلاؤ بریانی

اجزاء:چکن (ثابت رکھ کر کٹ لگوالیں)ایک سے سوا کلو، چاول( دھو کر بھگو دیں) تین پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، ثابت لال مرچ چار سے چھے عدد، چاٹ مسالا ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس چار کھانے کے چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، اور تیل۔

ترکیب:چکن دھو کر چھلنی میں رکھ دیں،تاکہ خشک ہوجائے، ایک باؤل میں تین سے چار پیالی پانی، ادرک،لہسن کا پیسٹ، نمک، لیموں کا رس اور سرکہ ڈال کر مکس کریں اور اس میں چکن ڈال کر چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔بعد ازاں، چکن نکال کر اس پانی کو ایک طرف رکھ دیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں چکن ڈال کر درمیانی آنچ پر آٹھ سے دس منٹ تک فرائی کرلیں۔ اس دوران چکن پر وقفے وقفے سے چاٹ مسالا چھڑکیں۔ پھر دو چمچوں کی مدد سے احتیاط سے پلٹ کر دوسری طرف سے بھی سُنہرا فرائی کرکے نکال لیں(خیال رہے کہ ساتھ ہی چکن کا اپنا پانی بھی خشک ہو جائے)۔ اب ایک کھلے منہ کے پتیلے میں حسبِ ضرورت تیل گرم کریں اور ثابت لال مرچ ڈال کر کڑکڑا لیں۔ پھر چاول اور جس آمیزے میں چکن میری نیٹ کی تھی، ڈال کر درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔جب پانی خشک ہونے لگے، تو اس میں چکن ڈال کرہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ رائتے اور پیاز کی سلاد کے ساتھ سروکریں۔

(صائمہ مسلم)

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے قلم کار

٭تعلیم کی اہمیت اور افادیت، سیّدہ ضحی علی گیلانی٭معاشر ے میں عورت کا حقیقی مقام، علّامہ محمّد ابراہیم خلیل٭کوشش، ماہِ رمضان،کورونا اور مذہبی تہوار،تانیہ شہزاد، رحیم پور، سیال کوٹ٭ماںبننے کا عمل زندگی بدل دیتا ہے، نسیم بانو، کراچی٭کل کی پن گھٹ، آج کا فلٹر، امجد محمود چشتی، میاں چنوں٭دُعائیں، پروفیسر مجیب ظفر انوار حمیدی، کراچی٭آزادی، عروسہ یونس، مقام نہیں لکھا٭پھر جبیں خاکِ حرم سےآشنا ہوجائے گی، شفا ہما ،کراچی٭ماہِ رمضان،مریم حفیظ، لاہور٭ کورونا سے ڈرنا نہیں، مقابلہ کرنا ہے، صفیہ نسیم٭کورو نا وائرس اور یونانی طب، حکیم راحت نسیم سوہدروی ٭کورونا وائرس اور ہم، ڈاکٹر محمّد قمر خان، کراچی٭وبائی امراض اور ہمارا اجتماعی رویہ، محمّد کاشف، نیو کراچی، کراچی٭نرسز کے مسائل، وجود لاشاری، اسلام آباد٭کورونا وائرس، ڈاکٹر عبدالعزیز چشتی، جھنگ٭اچھی باتیں، صائمہ مسلم، کراچی٭کورونا وائرس کی وجوہ، محسن فراز٭ناخوش رہنے کی عادات، میاں جمشید، رحیم یار خان٭ایک تصویر، دو رُخ،بنتِ سومر خانگل، کلی ترخہ، کوئٹہ٭ماں کا آنسو، حمیدہ گل، کوئٹہ٭کورونا اثرات اور کسان،ڈاکٹر خالد حمید، مقام نہیں لکھا٭انحطاط پذیرمعاشرتی اقدار،قاضی جمشید عالم صدیقی، علّامہ اقبال ٹاؤن، لاہور٭عیدی،سیپیاں،بنتِ شیروانی، مقام نہیں لکھا۔