انگلش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کیخلاف مجوزہ سیریز کا پلان تیار

May 21, 2020

انگلش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کیخلاف مجوزہ سیریز کا پلان تیار

انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف اس سال ہونے والی مجوزہ سیریز کا پلان تیار کرلیا ہے، جس کے مطابق پاکستان ٹیم 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد آہستہ آہستہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے لگی ہیں، کرکٹ کی سرگرمیاں بھی کچھ ہفتوں میں بحال ہوجائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: ’’پی سی بی جولائی میں دورہ انگلینڈ کیلئے تیار ہے‘‘

اگست میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز طے ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گرین سگنل کے بعد ای سی بی نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ عبوری پلان کے مطابق پاکستان کو 5 اگست سے یکم ستمبر کے دوران تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔

پہلا ٹیسٹ 5 اگست سے مانچسٹر میں کرانے کی تجویز ہے۔ دوسرا ٹیسٹ 13 اگست اور تیسرا ٹیسٹ 21 اگست سے ساوتھمپٹن میں کھیلنے کا پلان تیار کیا جارہا ہے۔

تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز مانچسٹر میں 28، 30 اگست اور یکم ستمبر کو ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی بی عبوری پلان کے بعد حکومت سے کلیئرنس لے گا جس کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔