چینی بحران، مراد علی شاہ کا نام دشمنی کے سبب لیا گیا، ناصر شاہ

May 23, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چینی بحران کی رپورٹ سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا نام دشمنی کے سبب لیا گیا ہے جو کہ اس رپورٹ کے دائرہ کار میں نہیں تھا ، وزیر اعلیٰ سندھ کا نام اس میں جان بوجھ کر شامل کیا گیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اصل میں ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق جن سالوں میں اس کی انکوائری کی جانی تھی وہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بوزدار کا دور ہے لیکن ان کا نام اس رپورٹ میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کے زمانے کی تحقیقات پہلے ہی کروائی جاچکی ہے لیکن اس انکوائری رپورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام نہ ہونے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ رپورٹ کے کیا مقاصد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو صاف طور پر بچا لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جہانگیر ترین سے کوئی ہمدردی نہیں ہے اور نہ ہی وہ ہماری پارٹی کے ہیں لیکن واضح ہوتا ہے کہ جہانگیر ترین پر اس کاملبہ ڈالا گیا ہے اور دیگر ملوث لوگوں کو صاف طور پر بچا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کو ملوث کرنا بد نیتی آور تعصب پر مبنی ہے حالانکہ جن ادوار کی تحقیقات کی گئی ہے اس میں سندھ کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اومنی گروپ ایک بہت پرانا کاروباری ادارہ ہے اور ایک طویل عرصے سے کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہے اس کو پیپلز پارٹی سے جوڑنا قطعاً مناسب نہیں ہے ۔