نجی ریڈیو براڈ کاسٹرز پر غیرضروری ٹیکس، پی بی اے کی پیمرا پر سخت تنقید

May 24, 2020

نجی ریڈیو براڈ کاسٹرز پر غیرضروری ٹیکس، پی بی اے کی پیمرا پر سخت تنقید

کراچی(پ ر) نجی ریڈیو براڈکاسٹرز پر غیرضروری ٹیکس عائد کرنے پر پی بی اے نے پیمرا پر سخت تنقید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے ریڈیو براڈکاسٹنگ کی صنعت کو تباہ کرنے کے پیمرا اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پیمرا نے نجی ریڈیو براڈکاسٹرز پر غیر ضروری ٹیکس عائد کردیا ہے اور تجدید لائسنس کی فیس کئی گنا بڑھا دی ہے۔ ایسا ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب میڈیا صنعت سخت معاشی بحران کا شکار ہے۔ پی بی اے نے پیمرا کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان ، وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ سے درخواست کی ہے کہ وہ ریڈیو صنعت کو پیمرا کے ہاتھوں تباہی سے بچائیں کیوں کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو سیکڑوں ریڈیو اسٹیشن بند ہونے کے ساتھ اس سے وابستہ ہزاروں افراد بےروزگار ہوجائیں گے۔