‏قومی کرکٹرز کی عید کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل

May 24, 2020

‏عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ہر کسی کی سرگرمیاں انتہائی محدود ہو چکی ہیں، کھلاڑیوں کو بھی اس سال اپنے گھروں میں عید منانے کا موقع مل رہا ہے جبکہ اس سے قبل کھلاڑی اکثر عید کے موقع پر گھروں سے دور رہنے پر مجبور ہوتے تھے، اس مرتبہ وہ گھروں پر تو ہیں لیکن کورونا وائرس نے سب کچھ ہی بدل کر رکھ دیا ہے اور عید بھی بدل گئی ہے۔

‏اس بدلی بدلی سی عید کے موقع پر کرکٹرز نے بھی کچھ بدلے سے پیغامات دیےہیں۔ اُنہوں نے عید کی خوشیوں کی مبارک تو دی ہے لیکن زور اس بات پر دے رہے ہیں کہ بس احتیاط احتیاط اور احتیاط۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ عید کا دن عام دن کی طرح لگ رہا ہے کچھ مختلف نہیں ہے کیونکہ یہ عید ہی کچھ مختلف ہے، ایسی عید کا پہلے کبھی تجربہ نہیں ہوا، بہت عجیب لگ رہا ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ کوئی روایتی جشن ہی نہیں ہے، گھروں میں رہنا ہے، سماجی فاصلے رکھنے ہیں، حکومت اور طبی عملے کی ہدایات پر عمل کرنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے، یہ خطرناک صورت حال اختیار کرتا جا رہا ہے، ان لوگوں سے پوچھیں جن کے پیارے اس وبا نے چھین لیے ہیں، اس کا احساس وہی کر سکتے ہیں اس لیے ہمیں بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

‏دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر مشکلات میں گھرے لوگوں کا احساس کریں، عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے بتائی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، وائرس سے محفوط رہنے کے لیے گھروں میں رہیں اور احتیاط کریں۔

‏ ٹیسٹ ڈبیو پر سنچری اسکور کرنے والے عابد علی خوش ہیں کہ انہیں گھر میں اپنے والدین، بیوی اور بیٹی کے ساتھ عید پر گھر میں رہنے کا موقع ملا ہے۔

عابد علی نے کہا کہ میں روایتی جوش و خروش کو مس کر رہا ہوں لیکن مجبوری ہے، ہمیں موجودہ حالات میں احتیاط کرنا ہے اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کرنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ صحت مند رہیں گے تو عید کی بھرپور خوشیاں منانے کا موقع بھی ملتا رہے گا، کورونا وائرس کی وجہ سے حالات خراب ہو رہے ہیں اس پر توجہ دینی ہوگی، ہمیں جو کہا جا رہا ہے اس پر عمل کرنا ہوگا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ میرا بس ایک ہی پیغام ہے، گھر میں رہیں، گھر والوں کے ساتھ وقت گزاریں اور احتیاط کریں۔

‏دوسری جانب بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ عید الفطر اکثر گھر سے باہر گزرتی رہی ہے، اس مرتبہ گھر والوں کے ساتھ عید منا رہا ہوں لیکن میری توجہ احتیاطی تدابیر پر ہے۔

فخر زمان نے کہا کہ اس مرتبہ کیونکہ کوئی سیریز نہیں تھی اور عید گھر پر ہی گزارنا تھی تو کئی پلانز بھی بنائے تھے لیکن احتیاطی تدابیر کی وجہ سے ان پلانز پر عمل نہیں کیا جاسکا۔

اُنہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے برقرار رکھنا ہیں، آپ سب بھی احتیاط کریں اسی میں ہم سب کا فائدہ ہے اور ہم کورونا کو شکست دے سکتے ہیں۔

سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی ہم وطنوں کو عید کے پیغام میں احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔