’ڈونکی کنگ ‘ کے ورلڈ ٹی وی پریمیئر نے سب کے دل جیت لیے

May 25, 2020

9 سے 90 سال کےبچوں کی پسندیدہ ’ڈونکی کنگ ‘ کے ورلڈ ٹی وی پریمیئر نے سب کے دل جیت لیے۔ فلم ڈونکی کنگ کے شائقین کے لیے خوش خبری ہے کہ ’ڈونکی کنگ‘ عید کے تیسرے دن 3 بجے جیو نیوز پر دیکھ سکتے ہیں۔

ڈونکی کنگ عید کے موقع پر کورونا وائرس کے باعث گھروں تک محدود رہنے والوں کے لیے بہترین تفریح کا ذریعہ بن گئی، جو لوگ اتوار کی شام سات بجے جیو پر ڈونکی کنگ کا ورلڈ ٹی وی پریمیئر نہ دیکھ سکے، ان کے لیے پیر کی شام جیو انٹرٹینمنٹ دوبارہ سنیما آپ کے گھر لے آیا۔

تاریخ ساز کامیابیاں سمیٹنے والی جیو انٹرٹینمنٹ کی فلم ڈونکی کنگ جیو نیوز پر دکھائے جانے پر بچے تو بچے، بڑے بھی بہت خوش ہیں۔

لاہور میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی یہ پسندیدہ فلم سینما میں جا کر دیکھنے سے محروم رہ گئے تھے، اب جیونیوز نے انہیں یہ موقع فراہم کیا ہے، فلم نے ان کی عید کا مزا دوبالا کر دیا ہے۔

بچوں کے ساتھ بڑوں نے بھی لاک ڈاؤن میں اپنی پسند کی فلم ڈونکی کنگ جیو پر دیکھ کر خوب لطف اٹھایا۔

ڈونکی کنگ نے باکس آفس پر 25 کروڑ روپے کا بزنس کیا، ڈونکی کنگ کی وڈیو، ٹریلر اور پروموشنل وڈیوز 12 کروڑ سے زیادہ بار دیکھی گئیں۔

فلم نےکوریا، اسپین اور ترکی سمیت گیارہ ملکوں میں دھوم مچائی، کرداروں پر آواز کا جادو جگانے والے اداکاروں نے بھی اپنا پیغام دیا۔

فلم میں افضل خان عرف جان ریمبو نے منگو جبکہ حنا دلپذیر نے لومڑی کی صداکاری کی ہے۔

دیگر صداکاروں میں جاوید شیخ، عدیل ہاشمی، شفاعت علی، غلام محی الدین، فیصل قریشی، شبیر جان، مانی، اسمٰعیل تارا اور عرفان کھوسٹ شامل ہیں۔