پاکستانی کوچ نے بولرز کیلئے ماسک کی تجویز دیدی

May 27, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مصباح الحق نے گیند پر تھوک کا استعمال روکنےکےلئے بولرز کو ماسک پہنانے کا مشورہ دے دیا۔وہ کہتے ہیں گیند کو چمکانا بولرز کی عادت بن جاتا ہے، وہ غلطی سے بھی گیند پر تھوک لگا سکتے ہیں، لہٰذا میچ کے دوران بولرز کو ماسک کا پابند کردیا جائے یا اسی طرح کی کوئی اور چیز استعمال کی جائے۔ یاد رہے کہ کرکٹ کی واپسی کیلیے آئی سی سی کی جانب سے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنز میں گیند چمکانے کیلیے تھوک کے استعمال کی ممانعت کیساتھ، کھلاڑیوں کی کیپ، عینک اور سویٹر وغیرہ امپائرز کے سپرد کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے،تاہم بولرز اور مختلف فیلڈرز کے ہاتھوں میں جانے والی گیند کو کورونا فری رکھنا ایک چیلنج ہوگا۔دریں اثناء پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی کوچ کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ، چیف سلیکٹر اور بیٹنگ کوچ بناکر ریکارڈ28لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملکی کوچ ہے اور اس نے زیادہ کرکٹ کھیلی ہے تو پھر بھی ہم غیر ملکی کا پلڑا بھاری رکھتے ہیں۔ ہمیں اپنی سوچ تبدیل کرنا ہوگی۔ مقامی کوچز کے پاس اپنے کھلاڑیوں کا ریکارڈ اور نالج زیادہ ہوتا ہے۔ غیر ملکی کوچ 18 ، 19 کھلاڑیوں کے گرد گھومتا ہے۔