زمین پر ڈائنوسارز کے خاتمے کا سبب بننے والا شہابیہ 60؍ ڈگری کے زاویے سے ٹکرایا تھا

May 27, 2020

پیرس (اے ایف پی) تقریباً 6؍ کروڑ 60؍ لاکھ سال قبل اندازاً پیرس کے رقبے جتنا ایک شہابیہ زمین کے ساتھ ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں زمین پر رہنے والے تمام ڈائنوسارز اور کرۂ ارض پر موجود 75؍ فیصد حیات ختم ہوگئی۔ یہ بات اب بھی ایک معمہ بنی ہوئی ہے کہ یہ ٹکر براہِ راست تھی یا یہ شہابیہ زمین سے ٹکرا کر نکل گیا۔ نیچر کمیونی کیشنز میگزین میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک تباہ کن شہابیہ 60؍ ڈگری کے زاویے سے زمین سے ٹکرایا جس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوئے۔ اس زبردست ٹکر کے نتیجے میں اس قدر گرد و غبار اور گیسیں اڑ کر ماحول میں پھیل گئیں کہ اس سے زمین کا ماحول تبدیل ہوگیا، ٹی ریکس جیسے کئی ڈائنوسارز مر گئے اور ناپید ہوگئے۔ جنوبی میکسیکو میں 200؍ کلومیٹر طویل گڑھے کا جائزہ لینے کے بعد ماہرین نے کمپیوٹر پر ہو بہو ویسا ہی واقعہ اور ماحول تیار کرنے کی کوشش کی جس سے یہ نئی معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ امریکا اور برطانیہ کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے 4؍ مختلف زاویوں اور دو مختلف رفتار (12؍ کلومیٹر فی سیکنڈ اور 20؍ کلومیٹر فی سیکنڈ) سے زمین کے ساتھ اس شہابیے کی ٹکر کے نتائج کا جائزہ لیا جس کے بعد بتایا گیا کہ یہ شہابیہ 60؍ ڈگری کے زاویے سے ٹکرایا اور اس کی وجہ سے اس قدر زبردست مقدار میں گرد و غبار اور گیسیں خارج ہوئیں جس نے پورے کرۂ ارض کو اپنی لپیٹ میں لیکر تباہی مچا دی۔