تحقیقات ٹوئسٹ کرنے کیلئے ابتدائی رپورٹ جاری کی جاتی ہے، تجزیہ کار

May 27, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ میں‘‘ میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال طیارہ حادثہ تحقیقات، پالپا کا تحقیقاتی کمیشن میں پائلٹس کے نمائندوں کو شامل کرنے کا مطالبہ۔

کیا پالپا کے تحفظات درست ہیں؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ کراچی طیارہ حادثہ کی تحقیقات پالپا کے بغیر نامکمل سمجھی جائے گی،کسی بھی تحقیقات کو ٹوئسٹ کرنے کیلئے ابتدائی رپورٹ جاری کی جاتی ہے،ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت دوبارہ لاک ڈاؤن کرتی ہے تو عوام کو اسے سنجیدہ لینا پڑے گا۔

کورونا کے معاملہ پر ہم اندھے ہیں اور ہاتھی کو ٹٹول کر اس کو شناخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔حسن نثار نے کہا کہ پالپا کا طیارہ حادثہ تحقیقات میں پائلٹس کے نمائندوں کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ درست ہے، اس ملک کے وسائل لوٹنے کے ساتھ ادارے بھی برباد کردیئے گئے۔

کورونا وائرس کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ، بازار کھول دیئے لیکن بچوں کے اسکول بند ہیں۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ کسی بھی تحقیقات کو ٹوئسٹ کرنے کیلئے ابتدائی رپورٹ جاری کی جاتی ہے۔

طیارہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بہت مسائل ہیں، پی آئی اے کے سی ای او کہتے ہیں کہ جہاز میں کوئی تیکنیکی خرابی نہیں تھی تحقیقات ہونی چاہئے کہ کیا واقعی ایسا ہی تھا ، طیارہ جب تباہ ہوا تو اس کا ٹائر نہیں کھلا او ر دونوں انجن فیل ہوگئے تھے، جہاز جس ایئرپورٹ سے روانہ ہوا وہاں سے تحقیقات کا آغاز کرنا چاہئے۔

اس کے بجائے تین لوگوں کو پن پوائنٹ کر کے تحقیقات کی سمت طے کردی گئی ہے، یہاں بہت سے سوالات ہیں کیا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لگائی گئی تھی، جب جہاز نے رن وے کو چھوا تو کیا وہاں فائر ٹینڈرز موجود تھے، ایسے موقع پر جو فوم بچھایا جاتا ہے وہ کدھر تھا،ایئرپورٹس کے اردگرد عمارتیں کس کی اجازت سے کھڑی کی گئی ہیں، ایسا لگتا ہے کہ تحقیقات میں بالآخر تمام الزام پائلٹ پر چلا جائے گا۔

یہ تحقیقات بھی ہونی چاہئے کہ ریکارڈنگ لیک ہوئی ہے یا ریلیز ہوئی ہے، اگر لیک ہوئی ہے تو اس کا مقصد کیا تھا اور اگر آفیشلی ریلیز ہوئی تو کیوں جاری کی گئی، کراچی طیارہ حادثہ غیرمعمولی ہے یہ کوئی عمومی کریش نہیں ہے ۔

محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ پالپا طیارہ حادثہ میں خود ایک پارٹی ہے اس کا تحقیقات میں اپنے نمائندوں کو شامل کرنے کا مطالبہ درست نہیں ہے، تحقیقات میں پائلٹوں کی عالمی آرگنائزیشن کا نمائندہ اور ایوی ایشن کے ماہرین شامل ہونا چاہئیں، تحقیقاتی ٹیم میں ایسے لوگوں کو شامل کرلیا گیا ہے جنہیں ایوی ایشن کے معاملات کا علم نہیں ہے۔

حفیظ اللّٰہ نیازی کا کہنا تھا کہ کراچی طیارہ حادثہ کی تحقیقات پالپا کے بغیر نامکمل سمجھی جائے گی، طیارہ حادثہ تحقیقات میں حکومتی بددیانتی رپورٹ اور ریکارڈنگ لیک کرنے سے ظاہر ہوجاتی ہے۔

سینئر پائلٹ کے مطابق ہم جن جہازوں کو اڑاتے ہیں اگر ان کی حالت کا مسافروں کو علم ہوجائے تو ان کا پی آئی اے پر اعتماد ختم ہوجائے گا، پائلٹس کے مطابق جہاز جس اسپیڈ میں رن وے کو چھوتا ہے اگر پہیے نہیں کھلے ہوں تو وہ ٹیک آف نہیں کرسکتا۔

دوسرے سوال کیا حکومت کی جانب سے ایک بار لاک ڈاؤن میں کی گئی نرمی کے بعد عوام دوبارہ لاک ڈاؤن کو سنجیدہ لیں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے محمل سرفراز نے کہا کہ حکومت دوبارہ لاک ڈاؤن کرتی ہے تو عوام کو اسے سنجیدہ لینا پڑے گا، حکومت دوبارہ لاک ڈاؤن کرتی ہے تواسے سختی سے نافذ کرنا ہوگا،کورونا کی جارحانہ ٹیسٹنگ کے بغیر لاک ڈاؤن کا کوئی فائد ہ نہیں ہوگا۔

طبی ماہرین کے مطابق ایک دو مہینے بعد کورونا اس قدر پھیل جائے گا کہ اسپتالو ں میں جگہ نہیں ملے گی۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ عوام حکومت کو سنجیدہ نہیں لے رہے تو اس کے لاک ڈاؤن کو کیا سنجیدہ لیں گے۔

کورونا کے معاملہ پر ہم اندھے ہیں اور ہاتھی کو ٹٹول کر اس کو شناخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ کورونا جیسے بحران میں بھی حکومت نظر نہیں آرہی ہے، حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہی ہے۔

کورونا سے بے حال قوم کو طیارہ حادثے نے ذہنی طور پر مفلوج کردیا ہے۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ کورونا کے پہلے دن سے اب تک حکومت نے خود کو سنجیدہ نہیں لیا، لاک ڈاؤن پر مرکزی حکومت اور سندھ حکومت آپس میں لڑتی رہیں۔

اگر حکومت خود کو سنجید ہ نہیں لیتی تو عوام حکومت اور لاک ڈاؤن کو کیسے سنجیدہ لیں گے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کا واحد حل گھر گھر جاکر ٹیسٹنگ کرنا تھا، حکومت ایس او پیز پر عمل نہیں کرواسکی باقی کیا کام کرے گی۔