حادثے کی ذمہ دارانتظامیہ، نئی تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے، سندھ حکومت

May 27, 2020

حادثے کی ذمہ دارانتظامیہ، نئی تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے، سندھ حکومت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزراء سید ناصر شاہ‘ سعید غنی اور امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ کوتاہی نہیں نااہلی ہے‘الزام پائلٹ پر ڈالا جا رہا ہے‘پی آئی اے کےسربراہ حادثے کےذمہ دار ہیں‘ ہما را مطالبہ ہے کہ نئی تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے اور اس میں تمام نمائندوں کو شامل کیاجائے۔گزشتہ روز مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزراء نے کہا کہ اگر غیر جانبدار شفاف تحقیقات چاہتے ہیں تو مرضی کی کمیٹی کیوں بنائی گئی ہے،پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کے لئے بنائی کمیٹی صرف ایک ڈرامہ ہے‘ فوری طور پر پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک اور سول ایوی ایشن کے سربراہ کو ہٹایا جائے اور ایک غیر جانبدارانہ تحقیقات کمیشن تشکیل دیا جائے۔ حادثہ میں اب تک جن شہداء کی لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، ان کے ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے ہیں اور انشاء اللہ 10 روز کے اندر اندر تمام لاشیں ان کے ورثاء کے سپرد کردی جائیں گی۔ سندھ میں لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال برقرار رکھی جائے گی البتہ اشرافیہ جن میں ظفر مرزا، پنجاب اور کے پی کے کے وزراء اعلیٰ شامل ہیں وہ اب لاک ڈاؤن کو سخت کرنے کی بات کررہے ہیں تو وزیر اعظم ان اشرافیہ کی باتوں پر کیا فیصلہ کرتے ہیں وہ دیکھ رہے ہیں۔