جہاز کو بیلی لینڈنگ کیوں نہیں کرنے دی گئی‘ رحمٰن ملک

May 27, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں پی آئی اے کے جہاز کو بیلی لینڈنگ کیوں نہیں کرنے دی گئی‘ جہاز کو فوم بچھائے بغیر اترنے کیلئے کہنا ایک مجرمانہ غفلت و سنگین غلطی ہے۔ اگر بیلی لینڈنگ کرنے دیا ہوتا تو جہاز کو نقصان ہوتا مگر قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں۔ غلطی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی ہے جو ٹاور میں ڈیوٹی پر مامور تھے۔ایف آئی اے غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے کہ حادثے کے وقت بیلی لینڈنگ کے انتظامات الرٹ کئے گئے تھے؟ کیا بیلی لینڈنگ کا عملہ و مکمل انتظامات رن وے پر موجود و تیار تھے‘ جب کیپٹن نے کہا کہ لینڈنگ گیر خراب ہیں تو سی اے اے کو لازم تھا کہ بیلی لینڈنگ کرواتا‘ کیپٹن سجاد گل پیشہ ور تھے اور انہوں نے بروقت گیئر لاک کرنے کے بارے میں ٹاور کو آگاہ کیا‘ ٹاور کو چاہئے تھا کہ فوری طور پر فوم بچھا کر جہاز کو بیلی لینڈنگ کروا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت اہم قومی مسئلہ ہے جس کی پیشہ ورانہ تفتیش کی ضرورت ہے۔