ملازمین پر فائرنگ‘ ڈی آئی جی آپریشنز نے دہشت گردی کا امکان مسترد کر دیا

May 27, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز نے اسلام آباد پولیس ملازمین پر فائرنگ کے واقعہ میں دہشت گردی کے امکان کو مسترد کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے جنگ کے استفسار پر بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے فائرنگ سے قبل اے ایس آئی سے ہاتھا پائی کی جس سے اسکی وردی پھٹ گئی اور قمیض کے بٹن ٹوٹ گئے۔ ایک راہگیر خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس نے موٹر سائیکل سوار افراد کو پولیس ملازمین سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ ملزموں کی تلاش کی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونیوالے اے ایس آئی محمد محسن ظفر ہاشمی کی عمر 27برس تعلق چکوال اور اور تعلیم گریجویشن تھی۔ انہوں نے 2017ء میں بطور اے ایس آئی وفاقی پولیس کو جوائن کیا تھا۔ ہیڈ کانسٹیبل سجاد احمد کی عمر 42سال اور تعلق ہری پور سے تھا۔