ایل ڈبلیو ایم سی کاعید آپریشن،17000ٹن کوڑاتلف

May 27, 2020

لاہور( خصوصی رپورٹر) لاہور ویسٹ مینجمٹ کمپنی چاند رات سے عید الفطر کے تیسرے دن تک تمام تر مشینری اور افرادی قوت کے ساتھ فیلڈ میں موجود اور الرٹ رہی ۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے چاند رات سے شروع ہونے والے خصوصی عید صفائی آپریشن عید کے تیسرے روز تک جاری رہا اور شہر سے 17000ٹن کے قریب کوڑا کرکٹ اکٹھا کر کے ماحول دوست انداز میں تلف کیا گیا، موصول ہونے والی 210شکایات کا بر وقت ازالہ کیا گیا۔ اس خصوصی صفائی آپریشن میں شہر بھر کے تمام داخلی خارجی راستوں، قبرستانوں، کمرشل مارکیٹوں، مساجد، عید گاہوں ، تفریح گاہوں، پارکوں، گلی محلوں، کھلے پلاٹوں، مرکزی شاہراہوں، اندرون لاہور سمیت شہر بھر کے ہر علاقے کی خصوصی صفائی کی گئی۔محکمے کے تمام تر افسران و ورکرز کی عید کی چھٹیاں منسوخ کی گئی تھیں اور ایل ڈبلیو ایم سی کے تمام تر افسران و ورکرز عید کے تینوں دن فیلڈ میں موجود رہے ۔ چئیرمین اور ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے فیلڈ ورکرز میں عید کے حوالے خصوصی مٹھائی بھی تقسیم کی گئی اور انکی کارکردگی کو سراہا گیا۔