محکمہ صحت کے اہلکار قومی ہیروز ہیں ‘ سیکرٹری صحت

May 27, 2020

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین خان جمالدینی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور مریضوں کی دیکھ بھال محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے عید الفطر پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز ، عملہ اور محکمہ صحت کے اہلکار قومی ہیروز اور خراج تحسین کے مستحق ہیں ، یہ بات انہوں نے عید کے روز شیخ زید ہسپتال ، فاطمہ جناح ہسپتال، کورونا وائرس ٹیسٹ لیبارٹری کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پروفیسر سکندر، ریاض پروفیسر شیرین خان اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی نے بھی انکے ہمراہ تھے، اس موقع پر انہوں نے عملے کی حاضری چیک کی ،مختلف وارڈز اور لیبارٹری کا معائنہ کیااور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ز ،پیرامیڈیکل اسٹاف، نرسز سمیت تمام عملے نے جانفشانی سے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا ہے اس جنگ میں ہمارے کئی ڈاکٹر اور اہلکار خود بھی وائرس کا شکار ہوئے ہیں ڈاکٹر ز اور عملہ صف اول کے سپاہی ہیں جنکے تعاون اور خدمات کے بغیر کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنا ناممکن ہے، سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ فرداً فرداً تمام اسٹاف سے عید ملے اور خصوصی ایمرجنسی ڈیوٹی سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔