تاجروں پر حملے حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے،بی این پی

May 27, 2020

کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری ضلعی کونسلر ملک محمد حسن مینگل یونین کونسل کیچی بیگ کے سابق کونسلر اور پارٹی کے رہنماء ملک حاجی عبد القادر لہڑی اور پارٹی کے ممبران عطا اللہ سمالانی ا ور محمد اسماعیل شاہوانی نے گزشتہ روز ڈاکوئوں کی فائرنگ سے سریاب مل کے تاجر حاجی عبد العزیز لہڑی کی ہلاکت پر ان کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔مرحوم پارٹی کے مرکزی کونسلر حمید لہڑی کے کزن تھے پارٹی رہنمائوں نے سردار اختر جان مینگل اور پارٹی کی جانب سے اظہار ہمدردی اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔غلام نبی مری نےواقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تاجروں کو دن دیہاڑے نشانہ بناکر ملزمان کے با آسانی کے ساتھ فرار ہونے کے واقعات باعث تشویش ہیں جو انتظامیہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تاجر برادری کی جان ومال اور کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چار دن گزر گئے انتظامیہ اور پولیس نے تاحال سریاب مل کے مقامی تاجر حاجی عبد العزیز لہڑی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ایسے عوام دشمن پالیسیوں پرپارٹی کسی صورت میں خاموشی اختیار نہیں کریگی تاجر برادری کو ظلم و جبر قتل و غارت گری اور مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑینگےاس حوالےسے ہرفورم پر بھرپور آوازبلندکی جائیگی۔