طیارہ حادثہ، عمارتوں کی انسپیکشن کا ٹاسک بھی ایئر بس کی ٹیم کے حوالے

May 28, 2020

طیارے حادثے کی تحقیقات کے لئے ایئر بس کی ٹیم کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، ٹیم آج کاک پٹ وائس ریکارڈر کی تلاش کا دائرہ وسیع کریگی، عمارتوں کے خصوصی انسپیکشن کا ٹاسک تحقیقاتی ٹیم کو دے دیا گیا ہے۔

ایئربس ماہرین کی ٹیم جمعرات کو بھی تحقیقات کے حوالے سے مصروف دن گزارے گی۔ ذرائع کے مطابق جدید تیکنیکی آلات کی مدد سے فرانسک طریقے سے تحقیقات کی جائیگی، کاک پٹ وائس ریکارڈر کی تلاش کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، وائس ریکارڈر کی تلاش کا ٹاسک بھی تحقیقاتی ٹیم کو دے دیا گیا۔

کاک پٹ وائس ریکارڈر کی تلاش کے لیے پی آئی اے انجینئرنگ، ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ اور سی اے اے ویجلنس کی خدمات بھی حاصل کی جائینگی، ایئربس کی ٹیم جہاز گرنے کے مقام سے لے کر رن وے تک تحقیقات کو جاری رکھے گی۔

جائے حادثہ سے ایئرپورٹ منتقل کیے گئے ملبے سے مزید شواہد اکھٹے کیے جائینگے، جمعرات کی دوپہر کنٹرول ٹاور، اپروچ اور ریڈار کنٹرول کا بھی دورہ کیا جائیگا، سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹر اور پی آئی اے ہیڈ آفس میں بھی غیرملکی ماہرین کو خصوصی بریفنگ دی جائیگی۔