سانگھڑ میں ٹڈی دل کا دوسرا بڑا حملہ

May 28, 2020

ضلع سانگھڑ کے مختلف علاقوں میں 3 ہفتوں کے دوران ٹڈی دل کا دوسرا بڑا حملہ ہوا ہے، حکومتی دعوؤں کے برعکس کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت دیسی طریقوں سے ٹڈی دل بھگانے کی کوششوں پر مجبور ہیں۔

ٹڈی دل نے ضلع سانگھڑ میں ٹنڈوآدم، شہدادپور، شاہ پورچاکر اور سنجھورو سمیت مختلف علاقوں پراس ماہ میں یہ دوسرا حملہ کیا ہے۔ شدید گرم موسم میں کاشت کار اپنی فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کیلئے روایتی طریقے استعمال کرنے پر مجبور ہیں جو زیادہ کامیاب نہیں ہیں۔

صرف چند روز میں ٹڈی دل نے کپاس، گنے، تورئی اور ہری مرچ کی فصل سمیت مویشیوں کیلئے اُگائے گئے چارے تک کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ بے بس کاشتکار حکومت سے مدد کی اپیلیں کررہے ہیں۔

ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں کے حکومتی دعوے اپنی جگہ لیکن اس وقت کاشتکار بے بسی سے اپنی قیمتی فصلیں ٹڈی دل کی خوراک بنتے دیکھ رہے ہیں۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو وہ کوڑی کوڑی کے محتاج ہوجائیں گے۔