بابری مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر کا آغاز، پاکستان کی مذمت

May 28, 2020


بابری مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر کے آغاز پر پاکستان نے مذمت کی ہے، دفترخارجہ نے کہا کہ دنیا کورونا وبا سے نبرد آزما ہے جبکہ بھارت ہندوتوا ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا۔ اقلیتوں کو مذہبی آزادی نہ ملنا بھارتی سیکولرازم کے جھوٹے دعویٰ کو بے نقاب کرتا ہے۔

ترجمان نے او آئی سی کے سفیروں کی میٹنگ سے متعلق بھارتی میڈیا کی جھوٹی رپورٹس بھی مسترد کر دیں اور کہا کہ پاکستانی نمائندے نے مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر ریاستی سرپرستی میں تشدد کا ذکر کیا۔

قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ایک بیان میںکہنا تھا کہ بھارت کے ارادے اچھے دکھائی نہیں دیتے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا رہا ہے اور نیپال کے ساتھ بھی بھارت کا جارحانہ رویہ سب کے سامنے ہے۔