وقار سمیت تین کوچز کی کرکٹ کیمپ میں شرکت مشکوک

May 28, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر میں فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کوچز کو لاہور آنے میں مشکلات کا سامنا اور کیمپ میں شرکت مشکوک ہے۔ فلائٹس آپریشن معمول کے مطابق شروع نہ ہونے پر امکان ہے کہ تینوں کوچز جولائی میں براہ راست انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ آئندہ ہفتے پاکستان اور انگلینڈ بورڈ کے درمیان ایک اور ٹیلی فونک میٹنگ میں سیریز کے امکانات پر بات کی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقاریونس پاکستان سپر لیگ ملتوی ہونے کے فوری بعد سڈنی چلے گئے تھے جبکہ فزیوکلف ڈیکن بھی پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد سے جنوبی افریقا میں ہیں۔ فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈبرن پی ایس ایل سےقبل ہی چھٹیوں پر اپنے وطن نیوزی لینڈ جا چکے ہیں ۔ قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے ابتدائی مرحلے میں تینوں کوچز کی شمولیت مشکل ہے ۔ مصباح سمیت مینجمنٹ کےدیگر اراکین تینوں کوچز سے رابطے میں ہیں۔ ٹریننگ کا پلان بنانے کے لیے مشاورت کی جاتی ہے۔