امجد صابری شہید کی والدہ بیٹے کی موت کا صدمہ دل میں لئے انتقال کرگئیں

May 28, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امجد صابری شہید کی والدہ بیٹے کی موت کا صدمہ دل میں لئے گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئیں۔تفصیلات کے مطابق معروف قوال امجد صابری شہید کی والدہ اور بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال غلام فرید صابری کی اہلیہ اصغری بیگم علالت کے باعث گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئیں۔مرحومہ کے چھوٹے بیٹے طلحہ صابری نے بتایا ہے کہ والدہ کافی عرصہ سے علیل تھیں ۔امجد صابری کو22 جون 2016ء کو مسلح دہشت گردوں لیاقت آباد کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔امجد صابری کی اندوہناک موت نے انکی والدہ کو گہرا صدمہ پہنچایا اور اپنی زندگی میں وہ بیٹے کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچتا دیکھنا چاہتی تھی تاہم وہ یہ ارمان اور بیٹے کی موت کا صدمہ دل میں انتقال کرگئیں۔طلحہ صابری کا کہنا ہے کہ والدہ کی تدفین بھائی ثروت صابری اور بہن کی بیرون ملک سے واپسی پر کی جاۓ گی۔وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے معروف قوال شہید امجد صابری کی والدہ اور مرحوم غلام فرید صابری کی اہلیہ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے کہا ہے کہاللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے.اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سکریٹری اور جی ڈی اے کے ترجمان سردار عبد الر حیم نے شہید قوال امجد صابری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دکھی خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات کو بلند کرے اور متاثرہ خاندان کو صبر و جمیل عطا کرے آمین۔