کورونا، یورپی یونین نے 750؍ ارب یورو کے بحالی بجٹ کی تجویز دیدی

May 28, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے شدید بحران سے نمٹنے کیلئے یورپی یونین کے ایگزیکٹو کمیشن نے 750؍ ارب یورو کے ریکوری فنڈ کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ پیکیج یورپی اتحاد کے ہر رکن ملک کیلئے گرانٹس اور قرضوں پر مشتمل ہے۔ 27؍ ممالک پر مشتمل اتحاد اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے تاہم کچھ جنوبی رکن ممالک کورونا وائرس سے پہلے ہی شدید مالی مشکلات کا شکار تھے۔ کمیشن کی صدر اورسلا وان ڈر لین کا کہنا تھا کہ یہ یورپ بھر کیلئے تاریخی موقع ہے۔ یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمومی حالات میں چیزوں کو اہمیت نہیں دی جاتی، کوئی بھی ایک ملک ایسے مسائل کو اکیلے حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، یہ مسئلہ ہم سب کو مل کر حل کرنا ہے کیونکہ یہ اکیلے حل کرنے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یورپی کمیشن نے اتنے بڑے بجٹ کے منصوبے کو ’’نئی نسل کیلئے یورپی یونین‘‘ کا نام دیا ہے۔ تاہم، تمام 27؍ ممالک کی حمایت کے بغیر یہ بجٹ منظور نہیں کیاجا سکے گا۔ تاہم، جرمنی اور فرانس نے کیپیٹل مارکیٹس کے ذریعے فنڈز جمع کرنے کی حمایت کی ہے۔ یورپی کمیشن کی معیشت کے کمشنر پائولو جینٹی لونی نے کہا کہ یہ فنڈ یورپ کیلئے اہم موڑ ثابت ہوگا۔ کچھ ایسی کفایت شعار رکن ریاستیں بھی ہیں جنہوں نے دیگر رکن ممالک کے قرضہ جات کی ادائیگی پر اعتراض کیا ہے۔ آسٹریا، نیدرلینڈز، ڈنمارک اور سوئیڈن نے غریب ملکوں کو نقد رقوم دینے کے خیال کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے ممالک کو کم شرح سود پر قرضے دیے جائیں۔ یورپی کمیشن کی صدر کہتی ہیں کہ 750؍ ارب یورو میں سے 500؍ ارب ڈالرز گرانٹس کی صورت میں جبکہ 250؍ ارب یورو قرضوں کی صورت میں رکن ممالک کو دینے کی تجویز ہے۔ یہ رقم یورپی یونین کے وسائل کی بالائی حد کو یورپی یونین کی مجموعی قومی آمدنی کے 2؍ فیصد حصے کی پابندی ختم کرکے جمع کی جائے گی اور اس کا انحصار یورپی یونین کی مضبوط کریڈٹ ریٹنگ پر ہوگا۔ یورپی یونین نے 2021ء تا 2027ء کیلئے 1.1؍ ٹریلین یورو کا بجٹ منظور کیا تھا جس میں 750؍ ارب یورو ریکوری فنڈ کی صورت میں اضافی شامل کیے جا رہے ہیں جس سے مجموعی بجٹ 1.85؍ ٹریلین یورو ہو جائے گا جو یورپی یونین کی معیشت کو جھٹکے سے دوبارہ درست سمت میں لیجائے گا اور یورپ کی بحالی کو یقینی بنائے گا۔ اس سے قبل بھی ریکوری بجٹ کی مد میں 540؍ ارب یورو کی منظوری دی گئی، یہ رقم بھی مجموعی رقم میں شامل کی جائے تو 2021ء تا 2027ء کا مجموعی بجٹ 2.4؍ ٹریلین یورو ہو جائے گا۔