کورونا کا پھیلاؤ روکنا اور لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے، بزدار

May 28, 2020

کورونا کا پھیلاؤ روکنا اور لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے، بزدار

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ ہمیں روکنا ہے اور لوگوں کو غربت اور بھوک سے بھی بچانا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کی کورونا سیاست نہیں چلے گی۔ جنوبی پنجاب میں فصلوں کے بچاؤ کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے فضائی سپرے پر خصوصی فوکس ،کام کو مزید تیز کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے گلوکار اعجاز قیصر کے انتقال پر دکھ واظہار افسوس، جیکب آباد میں صحافی ذوالفقار مندرانی کے قتل کی مذمت کی ہے۔گزشتہ روز اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا2کروڑ عوام دو چہروں والے ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔پاکستانی قوم کورونا پر سیاست چمکانے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اپوزیشن نے پہلے سیاست کو کاروبار بنایا اور اب کورونا کو سیاست کی نذر کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا رویہ دوسروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت کے مترادف ہے۔ عوام کے سامنے بلند بانگ دعوے کرنیوالوں کی قلعی کھل چکی ہے۔اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ہنگامی صورتحال کے باوجود اپوزیشن رہنماؤں نے ہر موقع پر سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ وقت نے ثابت کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت فیصلے کئے۔ حکومت کے دور اندیش اقدامات کے باعث صورتحال سے نمٹنے میں بہت مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ بھی روکنا ہے اور لوگوں کو غربت اور بھوک سے بھی بچانا ہے۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر زمینی حقائق سے لاعلم ہیں۔اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا کے باوجود قومی یکجہتی کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش کی۔ ذاتی مفادات کی خاطر اکٹھی ہونے والی اپوزیشن نے قومی مفادات کو زک پہنچائی۔ آزمائش کی گھڑی میں اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا وباء پر زبانی جمع خرچ کا نیا ریکارڈ قائم کیا اورعملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی۔حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے موثر اور جامع حکمت عملی اپنائی۔وزیراعظم عمران خان نے وقت ضائع کئے بغیر مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے۔ اپوزیشن واویلا مچاتی رہی اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔ اپوزیشن جان لے کہ یہ اہم وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں فصلوں کے بچاؤ کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ وزیراعلیٰ نے ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کیلئے سائنٹیفک انداز سے موثر مہم جاری رکھی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار اعجاز قیصر کے انتقال پرسوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی محنت سے گلوکاری میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور وہ غزل کی گائیکی میں منفرانداز رکھتے تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی ذوالفقار مندرانی کے قتل پر اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔