ضلعی بیت المال کونسل کی چیئرمین شپ کے لیے قانون تبدیل

May 28, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی)پنجاب بیت المال کونسل نے ضلعی بیت المال کونسل کی چیئرمین شپ کے لیے قانون کو سترہ سال بعد تبدیل کردیا ۔ضلعی بیت المال کونسل کی چیئرمین شپ کے لیے صرف منتخب اراکین نہیں بلکہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار بھی اہل قرار دے دیئے گئے ہیں۔ سابق قانون کے تحت ضلعی کونسل کے چیئرمین کے انتخاب میں مقامی، صوبائی اور قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لینے والے افراد ضلعی کونسل کے چیئرمین نہیں بن سکتے تھے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ صوبائی بیت المال کونسل کی جانب سے فنڈز روکنے کی وجہ سے 54 فیصد مستحقین کی مالی مدد نہ کی جا سکی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی بیت المال کونسل کو 7 کروڑ روپے کے فنڈز رواں مالی سال میں جاری کیےگئے تاکہ مستحقین کی مالی مدد کی جا سکے لیکن صوبائی کونسل نے54 فیصد فنڈزروک لیے ہیں۔ 4 فیصد فنڈز انتظامی اخراجات اور 10 فیصد فنڈزصوابدیدی فنڈز کے طورپر رکھے گئے ہیں ۔