ن لیگ نے ساری توانیاں پوائنٹ سکورنگ پر صرف کیں،ترجمان پنجاب حکومت

May 28, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ واضح ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست صرف عمران خان کی بدولت ہے ،لاک ڈائون میں نرمی کے بعد کوروناوائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اپنےبیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے دو سالوں میں بطور اپوزیشن جماعت کوئی کردار ادا نہیں کیا بلکہ اپنی ساری توانائیاں پوائنٹ سکورننگ اور تنقید برائے تنقید پر صرف کیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور ان کے ترجمانوںکو عمران خان فوبیا ہو گیا ہے اور انہیں اٹھتے بیٹھے ، سوتے جاگتے صرف عمران خان نظر آتے ہیں جو ان کے حواس باختہ ہونے کا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی کارکردگی اور گڈ گورننس سے ماضی کے نام نہاد تجربہ کار حکمرانوںکو چاروں شانے چت کردیا ہے اور ان کی بے بسی دیکھنے کے قابل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی تمام ترتوجہ کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے پر مرکوزہے لیکن مسلم لیگ (ن) اس موقع پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آرہی ۔عوام ان کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں اور وقت آنے پر ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔ اب بھی وقت ہے کہ لیگی قیادت اور اس کے ترجمان اپنی سمت کو درست کر کے ملک اور عوام کے بہترین مفادمیں سیاست کریں بصورت دیگر انہیں آئندہ عام انتخابات میں کھڑے کرنے کیلئے امیدوار بھی میسرنہیں آئیں گے ۔