آر ڈی اے، پرانی سکیموں کے قانونی یا غیرقانونی ہونے سے متعلق وضاحت طلب

May 28, 2020

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) آرڈی اے نے سابق ضلع کونسل ، ایم کے ڈی اے اور سی ڈی اے سے منظور شدہ ہائوسنگ سکیمیں جنہیں بعد میں متعلقہ ٹی ایم ایز نے غیرقانونی قراردیدیاتھا یا پھر ان کا دوبارہ پراسیس شروع کروا رکھا تھاکے سٹیٹس بارے صوبائی سیکرٹری ہائوسنگ و فزیکل پلاننگ سے وضاحت مانگ لی ہے کہ کیا ایسی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کا دوبارہ پراسیس شروع کیا جائے یا پھرصرف توثیق دے دی جائے۔ آرڈی اے کے شعبہ ایم پی اینڈ ٹی ای کے ڈائریکٹر کی طرف سے صوبائی سیکرٹری ہائوسنگ و فزیکل پلاننگ کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ اب سکیمیں آرڈی اے کے پاس آگئی ہیں اور ٹی ایم ایز کے مطابق غیرقانونی جبکہ سابق ضلع کونسل ، ایم کے ڈی اے اور سی ڈی اے سے منظور شدہ ہیں ۔ ٹیکسلا کی 14جبکہ مری کی 3ہائوسنگ سکیمیں 2005کے ہائوسنگ سکیموں کے رولز آنے سے پہلےکی ہیں جوسابق ضلع کونسل وغیرہ سے منظور شدہ ہیں ، اس وقت ہائوسنگ سکیموں کے حوالے سے کسی قسم کے رولز بھی موجود نہیں تھے۔ سیکرٹری ہائوسنگ و فزیکل پلاننگ کو لکھے گئے خط میں ایسی ہائوسنگ سکیموں کے بارے میں وضاحت مانگی گئی ہے جو پہلے سے منظور شدہ ہیں کہ کیا ان کی آرڈی اے سے دوبارہ منظوری ضروری ہو گی یا پھر ان کی صرف ثوثیق کی ضرورت ہے کیونکہ ایسی ہائوسنگ سکیموں میں پلاٹ بذریعہ رجسٹری فروخت ہو چکے ہیں اوروہاں تعمیرات ہو چکی ہیں ۔