واسا ملازمین کیخلاف غیرضروری انکوائریاں ختم کرنے کا فیصلہ

May 28, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) واسا کی موجودہ انتظامیہ نے سابق انتظامیہ کی طرف سے بعض افسران و ملازمین کیخلاف محض ذاتی عناد پر شروع تحقیقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ، راولپنڈی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے ایسے میں پانی کی ڈیمانڈ بھی بڑھ جاتی ہے لہٰذا افسران خصوصاً فیلڈ سٹاف شہریوں کو پانی کی فراہمی اپنی توجہ کریں ۔ واضح رہے کہ پچھلی انتظامیہ کے دوران ملک جاوید سمیت بعض دیگر ملازمین کیخلاف ملازمین کو کورونا سے بچائو کے حوالے سے سامان کے اسٹیمیٹ میں تاخیر کے باعث انکوائری شروع کروا دی گئی تھی ، اس حوالے سے جب ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ غیرضروری معاملات میں انکوائریوں سے ادارے کا وقت ضائع ہونے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا، ہماری توجہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی پر ہونی چاہئے۔