قبرستان کیلئے مختص زمین پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں‘بی این پی

May 28, 2020

کوئٹہ( پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے اپنے بیان میں لینڈ ما فیا اور مسلح افراد کی جانب سے مغربی بائی پاس جبل النور کے ساتھ واقع کیو ڈی اے کی جانب سے مقامی قبائل کے لئے مختص قبرستان کی اراضی پر قبضے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ چند سال پہلے بھی اس قبرستان پر قبضہ جمانے کی کوشش کی گئی تو بی این پی ودیگر سیاسی اورمذہبی جماعتوں نے وہاں آباد مقامی قبائل کے ساتھ مل کر اس سازش اور منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے احتجاج کے طور پر دھرنا دیا اور حکومت کی توجہ مبذول کرائی کہ یہاں کے عوام کو یہ قبضہ کسی صورت قبول نہیں ،مذکورہ زمین کیو ڈی اے کی جانب سے قبرستان کے لئے وقف کی گئی جس کے سرکاری دستاویزات موجود ہیں لیکن ایک مرتبہ پھر لینڈ مافیااور مسلح افراد یہاں کے مقامی قبائل کےلئے قبرستان کیلئے مختص اراضی کو ہتھیانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی کسی کو اجازت نہیں دے گی کہ وہ طاقت اور سازش کے ذریعے یہاں کے قبائل کی جدی پشتی اراضی پر قبضہ کرسکے اس طرح کے ناروا سلوک کو برداشت نہیں کیا جائیگا لینڈ ما فیا باز نہ آیا تو بی این پی یہاں کے مقامی قبائل کے ساتھ مل کر سیاسی و جمہوری اور قانونی سطح پر آواز بلند کرتے ہوئے اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔