مارکیٹوں کیساتھ پاک افغان بارڈر بھی کھولا جائے‘جمعیت ن

May 28, 2020

کوئٹہ(آئی این پی)جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارچشتی تحصیل چمن کے امیر حاجی فیض اللہ صوبائی سالار عبدالولی سالار ودیگر نے کہا ہے کہ قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود بلوچستان کے عوام دربدرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ دیدہ ودانستہ طور پرعوام کو بیروزگار کیاجارہا ہے بارڈر کی بندش کے غیردانشمندانہ فیصلے سے ہزاروں تاجر اور مقامی قبائل اور عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت مارکیٹوں کے ساتھ چمن بارڈر کوبھی تجارت کےلئے کھولے،پاک افغان سرحد کی بندش کی بجائے ملکی ادارے محکمہ صحت،پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وباءکے تدارک کریں اور پاک افغان سرحد پر اسکینک کا نظام بناکر مسافروں کےلئے آسانیاں پیداکی جائیں، پاک افغان بارڈر کی بندش سے بیروزگاری بڑھ جانے سے شہر میں ڈکیتی وجرائم میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اورہزاروں نوجوان دووقت کی روٹی کمانے والے فاقہ کشی سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے دہرے معیارسے مایوسیاں پھیل رہی ہیںاگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو مجبوراً بھوکے عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔