شیاؤمی نے 4 جی موبائل فونز بنانا بند کر دیے

May 28, 2020

چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی 2020 کے اختتام تک 4 جی اسمارٹ فونز بنانا بند کر دے گی۔

شیاؤمی گزشتہ کئی ماہ سے 5 جی اسمارٹ فونز بنا رہی ہے اور اب انھوں نے نئے 4 جی موبائل فونز بنانا بند کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے کیونکہ اب کمپنی مکمل طور پر 5 جی ٹیکنالوجی پر کام کرنا چاہ رہی ہے۔

اس ضمن میں شیاؤمی کے چیف ایگزیکیٹو آفسر لی جُن کا کہنا ہے کہ 5 جی ٹیکنالوجی کی صنعت میں نمایاں انقلاب لائے گا، تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے کمپنی کی 5 جی اسٹریٹجی اثر انداز ہوئی ہے۔

گزشتہ سال چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کے تمام تر نظام کو ٹھپ کر رکھا ہے تو وہیں وائرس کی وجہ سے ٹیکنالوجی کی صنعتوں کو بھی بے حد نقصان پہنچا ہے۔

عالمی وبا کے پیش نظر متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنے اپنے دفاتر اور فیکٹریاں بند کر دی تھیں لیکن اب احتیاطی تدابیر کرتے ہوئے متعدد کمپنیوں نے اپنی سرگرمیاں بحال کرنا شروع کر دی ہیں۔