بارش کے بعد ٹڈیوں کے حملے میں اضافہ تیز تر ہوگا، رپورٹ

May 28, 2020


امریکی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں بارش کے بعد ٹڈیوں کے حملے میں تیز تر اضافہ ہوسکتاہے ۔

ٹڈیوں کےحملوں سے پریشان کسانوں کے لیے پاکستان میں بارشوں کی پیشگوئی نے خطرے کی نئی گھنٹی بجا دی، امریکی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے بعد ٹڈیوں میں تیز تر اضافے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں کہاگیاہےکہ تیز بارش ٹڈیوں کی افزائش کیلئے سازگار ماحول پیدا کرتی ہے، نرم زمین پر ٹڈیاں 1 اسکوائر میٹر میں 1000 انڈے دے سکتی ہیں، جبکہ ایک ٹڈا یومیہ 2 گرام خوراک کھا سکتا ہے ۔

رپور ٹ میں بتایاگیاہےکہ درمیانے درجے کا ایک غول یومیہ 35 ہزار افراد کی خوراک چٹ کرسکتا ہے، کروڑوں ٹڈیوں کا غول ہوا کےرخ پر یومیہ 150 کلومیٹر سفر طے کر سکتا ہے۔

فوڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ موسلادھاربارش کے بعد سروے اور ایکشن پلان پر فوری عمل کریں۔

سندھ آباد گار بورڈ کے رہنما محمود نواز شاہ کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں مقامی تخمینے کے مطابق، 50فیصد فصل متاثر اور1 ہزار ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوسکتاہے، اس کے علاوہ ملک میں شدید غذائی قلت کا بھی خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں ٹڈیوں کے معاملے پر کوئی رابطہ نظر نہیں آتا، ٹڈیوں کو مون سون میں کنٹرول نہیں کیا گیا تو پھر یہ فیلڈ میں کنٹرول نہیں ہوسکیں گی۔