سلمان خان نے اپنا نیا گانا بار بار سننے کی درخواست کیوں کی؟

May 28, 2020

بھارتی مسلم اداکار سلمان خان نے عوام خصوصاً نئی اور نوجوان نسل سے اپنا نیا گانا بار بار سننےکی درخواست کی ہے ۔

بھارتی فلمی ہیرو سلمان خان نے گزشتہ دنوں اپنے یوٹیوب چینل پر ایک نیا گانا ’ہندو مسلم بھائی بھائی‘ ریلیز کیا ہے۔

گانے میں سلمان خان کی جانب سے بھارتی عوام کو ایسی صورتحال میں بھائی چارگی اور امن کا پیغام دیا گیا ہے جس وقت بھارتی حکومت کی جانب سے بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلم کُش فسادات جاری ہیں جبکہ وبائی بیماری کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔

سلمان خان نے اپنے گانے ’ہندو مسلم بھائی بھائی‘ پر عوام کی جانب سے بہترین رد عمل دینے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

سلمان خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’ ہندو مسلم بھائی بھائی ‘ گانے کو اتنا پسند کرنےکا شکریہ ۔

انہوں نےاپنے ٹوئٹ میں عوام سے درخواست کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’نوجوان نسل یہ گانا بار بار سنیں، خصوصاً اپنے چھوٹے بہن بھائیوں اور بچوں کو بھائی بھائی گانا بار بار سنائیں۔‘

ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نےاپنے پیغام میں مداحوں کے لیے دعا میں کہا کہ’خدا آ پ کا حامی و ناصر ہو اور آپ کی حفاظت کرے ۔‘

سلمان خان کے گانے کے کچھ بول یوں ہیں ’رمضان میں ہے رام، دیوالی میں ہے علی، میسیج یہی پہنچانا ہے ہم کو گلی گلی، ہندو مسلم بھائی بھائی، کیا بولتے ہیں میاں بھائی‘ جبکہ گانے میں برابر کے حقوق کی بات بھی کی گئی ہے۔