کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک مروجہ اوقات کے ساتھ جاری رہیں گی، ناصر شاہ

May 28, 2020

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک مروجہ اوقات کے ساتھ جاری رہیں گی اور کل بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں دیئے گئے اوقات کے مطابق جاری رہیں گی۔

کراچی سے جاری بیان میں وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ 31 مئی تک لاک ڈاؤن کا آرڈر کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 18 مئی کو ہدایات دی تھیں کہ کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک بغیر کسی رکاوٹ کے تسلسل سے جاری رہیں گی۔

سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ 31 مئی سے پہلے وفاقی حکومت این سی سی کا اجلاس کرے گی۔ جس میں لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوں گے۔

وزیر اطلاعات سندھ کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت کل بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں دیئے گئے اوقات کے مطابق جاری رہیں گی۔