میگا کرپشن کیسز سے متعلق نیب کے فیصلے خوش آئند ہیں، سراج الحق

May 29, 2020

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز نمٹانے کیلئے نیب کے حالیہ فیصلے خوش آئند ہیں، ان فیصلوں پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے، نیب کی طرف سے ماضی میں بھی ایسے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔

لاہور سے جاری بیان میں سراج الحق نے کہا ہے کہ نیب کے پاس 150 میگا کرپشن کیسز کی فائلیں فیصلوں کی منتظر ہیں، پانامالیکس کے 436 ملزمان کیخلاف کارروائی کے پر زور دعوے کیے گئے، تاہم قوم ان وعدوں پر عملدرآمد کی منتظر رہی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت میں بیٹھے مافیاز کا احتساب نہیں ہوتا کرپشن کیسز نہیں نمٹیں گے۔

انہوںنے مزید کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان خود کو پیش کردیں تو کسی کو احتساب پر اعتراض نہیں ہوگا۔