اسلام آباد پولیس اہلکاروں کے قتل سے سیکورٹی پر سوالیہ نشان، ناکوں پر تعینات ملازمین کو بلٹ پروف جیکٹس بھی فراہم نہ ہوسکیں

May 29, 2020

راولپنڈی ( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)اسلام آبادپولیس کے اے ایس آئی اورہیڈکانسٹیبل کے نامعلوم ملزموں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل نے وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی بارے شکوک وشبہات پیداکردئیے۔ وفاقی دارالحکومت میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے باوجودملزموں کی تاحال شناخت نہ ہوناوفاقی پولیس کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے ۔اپنے دو ساتھیوں کی شہادت اوراعلیٰ پولیس افسروں کی سردمہری پرشکوہ کناں پولیس ملازمین عدم تحفظ کاشکاردکھائی دیتے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ پولیس ناکوں پرتعینات ملازمین کوبلٹ پروف جیکٹس اورہیلمٹ کیوں فراہم نہیں کئے گئے ۔اوراس حوالے سے ایس اوپی کی خلاف ورزی ہونے پرسپرویژن کرنے والے افسروں نے کیوں ایکشن نہیں لیا،ایک کم آمدورفت والے ایریامیں لگائے گئے ناکے پرصرف دوپولیس ملازمین کی تعیناتی نے بھی سوالات کوجنم دیاہے جب کہ مزیدستم یہ کہ جائے وقوعہ سے شہیداے ایس آئی کے جسدخاکی کی منتقلی کے دوران اس کی بے حرمتی پرنہ صرف وفاقی پولیس بلکہ عوام میں بھی شدیدرنج وغم کااظہار کیاجارہاہے جب کہ آئی جی پولیس کی جانب سے محض انکوائری کاحکم دینااس سارے معاملے کومحض اشک شوئی کے مترادف قراردیا جا رہاہے ۔ ادھرشہید ملازمین کی آخری رسومات اور سپر دخاک کئے جانے کے مواقع پرسینئرپولیس افسروں کی عدم موجودگی کوبھی محسوس کیاجارہاہے ۔