امریکا کو سیاہ فام کی ہلاکت پر سخت ایکشن لینا چاہیے، میشال بیچلیٹ

May 29, 2020

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر میشال بیچلیٹ نے کہا ہے کہ امریکا کو سیاہ فام شخص کو تشدد سے ہلاک کرنے میں ملوث پولیس اہل کاروں کے خلاف سخت ایکشن اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔

ایک بیان میں میشال بیچلیٹ نے پولیس حراست میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی ہلاکت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکا کو نہتے افریقی امریکینز کی تشدد سے ہلاکت پر سخت ایکشن لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں، امریکی پولیس کے ہاتھوں تشدد سے افریقی امریکنز کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں، ماضی میں ایسے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

میشال نے یہ بھی کہا کہ اُن واقعات میں اب جارج فلائیڈ کا بھی اضافہ ہو گیا۔ امریکا کو ان واقعات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

واضح رہے کہ سیاہ فام جارج فلائیڈ گزشتہ پیر کو پولیس کی حراست میں تشدد سے ہلاک ہو گیا تھا۔