کورونا کے علاوہ افواہ وائرس بھی پھیل رہا ہے، ودیا بالن

May 30, 2020

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) ان دنوں ملک کورونا وائرس نام کی مصیبت سے لڑ رہا ہے۔ وہیں اس درمیان ہر کوئی اپنے اپنے طریقے سے اس وائرس کے خلاف جنگ میں تعاون دے رہا ہے۔ اسی ضمن میں حال ہی میں اداکارہ ودیا بالن نے بھی ایک نئی پہل کی ہے۔ انہوں نے اداکار مانو کول کے ساتھ اپنے سوشل اکاونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرکے ایک نئے وائرس کے بارے میں بتایا، جسے وہ ’افواہ وائرس’ کہتی نظر آرہی ہیں۔ودیا بالن نے اپنے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے، اس ویڈیو میں مانو کول بھی نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو شروع ہوتے ہی ودیا بالن کہتی ہیں کہ دنیا میں کورونا وائرس کے علاوہ ایک اور وائرس چاروں طرف پھیل گیا ہے۔ مانو کول اس وائرس کا نام ’افواہ وائرس’ بتاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر یہ افواہ وائرس فون پر فارورڈ بٹن دبانے سے پھیلتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’اس وائرس کی علامات تو بہت ہیں، لیکن زیادہ تر کیسیز میں یونیسکو، ناسا، نیومرولوجی،اسکرپچرز جیسے الفاظ پائے جاتے ہیں۔اس کے بعد ودیا بالن کہتی ہیں کہ ’میں نے تو سنا ہے کہ سوشل میڈیا افواہ وائرس کا ریڈ زون ہے۔ مانو کول اپیل کرتے ہیں کہ وہاں سے ملی کوئی بھی اطلاع سے ڈبلیو ایچ او اور وزارت صحت سے جانچ کرالیں۔ ان کا پیغام ہے- کورونا تو پھیل گیا، لیکن افواہ وائرس کو نہیں پھیلنے دینا ہے۔ویڈیو کے کیپشن میں ودیا بالن لکھتی ہیں کہ ایک نیا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا ہے، اسے مزید نقصان سے پہلے ہی روکنا ہوگا۔