خراب موسم، نجی کمپنی کے راکٹ کے ذریعے انسان کو خلا میں بھیجنے کا ناسا کا پروجیکٹ ملتوی

May 30, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی خلائی ایجنسی کا نجی کمپنی اسپیس ایکس کے ذریعے خلا میں جانے کا خواب ایک مرتبہ پھر پورا نہ ہو سکا اور خراب موسم نے اڑان سے چند منٹ قبل فالکن نائن راکٹ کی پرواز میں رکاوٹ ڈال دی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست فلوریڈا کے علاقے کیپ کیناورل میں قائم کینیڈی اسپیس سینٹر کے قریب طوفانوں کا خطرہ منڈلا رہا تھا جس کی وجہ سے مشن کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، راکٹ کی اڑان سے 16؍ منٹ قبل مشن روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ موسم اگلے 10؍ منٹ میں صاف ہونے کے امکانات تھے تاہم زمین کی گردش اور خلا میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی ایک جگہ سے دوسری جگہ تیزی سے منتقلی کی وجہ سے راکٹ کی اڑان کا منصوبہ روکنا پڑا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے کڑکنے کی وجہ سے پہلے ہی صورتحال مشکل تھی جبکہ سائنسدانوں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا تھا کہ ماحول میں بجلی کی کڑکڑاہٹ کی وجہ سے اس قدر زیادہ برقی ذرات موجود ہیں کہ ان سے خلا نوردوں کو نقصان ہو سکتا ہے۔ ناسا کے خلا نورد رابرٹ بین کن اور ڈگلس ہرلی اس وقت 265؍ طویل راکٹ میں موجود تھے تاہم اڑان منسوخ ہونے کے فیصلے نے انہیں مایوس کر دیا۔ اب یہ پرواز ہفتے کے روز تک ملتوی کر دی گئی ہے۔