انسائیکلو پیڈیا

May 31, 2020

فرحان خان

کیا سمندر کے کنارے زمین ہوتی ہے؟

ہمارا یہ خیال ہے کہ سمندر کے سرے کا پتہ ہو یا نہ ہو لیکن اس کا کنارا ضرور ہوتا ہے۔ کئی سمندر تو چاروں جانب زمین سے گھرے ہیں ،جیسے کہ بحیرۂ روم اور بحیرۂ اسود۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ کب ایک سمندر براعظم سے مل جاتا ہے پتہ نہیں چلتا لیکن ایسے میں جزائر کے سلسلوں سے اس کی حد کا تعین کیا جاتا ہے۔

بہر حال ایک ایسا بھی سمندر ہے، جس کا کوئی بھی کنارا زمین سے نہیں ملتا۔ اور یہ سارگوسا سی یا بحیرۂ سرقوسہ ہے۔

یہ سمندر بحر اوقیانوس کے مغرب میں واقع ہے اور قطب شمالی سے ایک جانب کو مڑتی ہوئی لہریں ہی اس کے حدود کا تعین کرتی ہیں۔

بحرالکاہل کی چکر کھاتی لہروں کے سبب ہی بحر سرقوسہ کا پانی پرسکون رہتا ہے اور ایک دوسرے میں ضم نہیں ہوتا۔

2060 مربع کلو میٹر کا بیر طویل علاقہ

افریقہ میں ایک جگہ ایسی ہے، جس پر کوئی بھی ملک اپنا حق نہیں جتاتا۔ یہ علاقہ 'بیر طویل یا 'بئر طویل کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کا رقبہ 2،060 مربع کلومیٹر ہے اور یہ مصر اور سوڈان کی سرحدوں کے درمیان واقع ہے۔یہ خطہ 20 ویں صدی کے آغاز میں اس وقت وجود میں آیا جب مصر اور سوڈان نے اپنی اپنی سرحدیں کچھ اس طرح کھینچيں کہ یہ علاقہ کسی کے دائرے میں نہیں آیا۔بیر طویل خشک آب و ہوا والا علاقہ ہے اور یہاں کی زمین بنجر ہے لہذا کوئی اسے اپنانا نہیں چاہتا۔ لیکن اس علاقے نے بہت سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

جنگلی پودا اینسیٹ

پودوں کی چند جنگلی اقسام ہیں جو ہمارے لیے حیرت انگیز طور پر کام کر سکتی ہیں۔ اسی قسم کا پودا اینسیٹ ہے۔ یہ افریقی ملک ایتھوپیا میں اگتا ہے۔ ایتھوپیا کے لوگوں میں اس کے 200 نام ہیں۔ وہ اسے کھاتے ہیں، ادویات اور چٹائی بناتے ہیں۔ گھروں کی تعمیر اور جانوروں کے چارہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اس سے کپڑے بھی بناتے ہیں۔اینسیٹ کیلے کے خاندان کا ایک جنگلی پودا ہے۔

سائنسدانوں کی کوشش ہے کہ اسے دوسرے ممالک میں اگایا جا سکے کیونکہ اس کی مدد سے زیادہ لوگوں کے پیٹ بھرے جا سکتے ہیں۔ اینسیٹ سے آٹا، اور سوپ بھی بنتا ہے اور اسے آلو کی طرح ابال کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہ خود کو خشک سالی، سیلاب اور طوفان میں بھی محفوظ رہتا ہے۔