بلوچستان: جاوید جبار رضاکارانہ طور پر مستعفی

May 31, 2020

بلوچستان سے این ایف سی ایوارڈ کے غیر سرکاری رکن جاوید جبار رضاکارانہ طور پر مستعفی ہوگئے، جاوید جبار کو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دسویں این ایف سی کیلئے بلوچستان سے غیرسرکاری ممبر نامزد کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بلوچستان سے 10 ویں این ایف سی ایوارڈ کے غیر سرکاری رکن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

جام کمال نے مزید کہا کہ جاوید جبار کی نامزدگی کو بلوچستان کے سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ انکی تقرری کے خلاف رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی اور بلوچستان کے وکلاء نمائندوں کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ میں الگ الگ آئینی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ عوامی دباؤ کے نتیجے میں جاوید جبار نے رضاکارانہ طور پر این ایف سی سے بلوچستان کی نمائندگی سے دستبردار ہوکر اچھا فیصلہ کیا۔