بلوچستان: کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4087 ہوگئی

May 31, 2020

بلوچستان کے 8 اضلاع سے 24 گھنٹوں کے دوران 159 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4087 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 3 مریضوں کے انتقال سے مہلک وبا سے مرنے والوں کی مصدقہ تعداد 46 ہوگئی، جبکہ صوبے میں 2 روز کے دوران 30 مشتبہ مریض چل بسے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے کورونا وائرس آپریشن سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز بلوچستان کے 8 اضلاع کوئٹہ، قلات، مستونگ، قلعہ سیف ﷲ، پشین، نصیرآباد، لسبیلہ اور خاران سے 159 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 4087 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز مزید 3 مریضوں کے انتقال سے صوبے میں مہلک وبا سے انتقال کرنے والے مریضوں کی مصدقہ تعداد 46 ہوگئی جبکہ 13 مشتبہ افراد کی بھی اموات ہونے سے صوبے میں اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 4087 مصدقہ مریضوں میں سے 3931 مریض مقامی طور پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ان میں سے 3350 کا تعلق کوئٹہ، 130 کا قلعہ عبدﷲ اور 118 کا تعلق پشین سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 1400 ہوگئی ہے، صوبے میں2611 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 250 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔