سانحہ بلدیہ کیس، وکیل اور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے دلائل مکمل کرلئے

May 31, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ایم کیوایم رہنما ر عبدالرئوف صدیقی کےوکیل اور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے دلائل مکمل کرلیے۔ انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 17 جون کو ملزم زبیر چریا کے وکیل سے حتمی دلائل طلب کرلیے ہیں۔ ہفتے کو سنٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت حتمی دلائل دیتے ہوئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب شیخ کا کہنا تھا کہ عبدالرئوف صدیقی نے دباو ڈال کر فیکٹری مالکان کے خلاف ہی مقدمہ درج کرایا، ملزم عبدالرحمٰن بھولا نے بھی بیان میں اعتراف کیا تھا، روف صدیقی اور حماد صدیقی نے متاثرین اور مالکان کے درمیان معاملہ حل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا، عبدالرئوف صدیقی اور حمادصدیقی نے اسیٹلمنٹ کے لیے فیکٹری مالکان سے 4،5 کروڑ روپے وصول کیے، فیکٹری مالک ارشد بھائلہ نے بھی اپنے بیان میں روف صدیقی کا نام لیا، شواہد کی روشنی میں عبدالرئوف صدیقی کو بھی سزا دی جائے۔ دوران سماعت دلائل پیش کرتے ہوئے رؤف صدیقی کے وکیل کا کہنا تھا کہ وقوعہ کے تین دن بعد ایم کیوایم کے رہنما روف صدیقی نے وزرات سے استعفیٰ دے دیا تھا، فیکٹری مالکان اور رحمان بھولا نے سنی سنائی باتوں پر اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے۔ دوران سماعت ایم کیوایم رہنما روف صدیقی کے وکیل اور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے دلائل مکمل کرلیے۔ عدالت نے 17 جون کو ملزم زبیر چریا کے وکیل سے حتمی دلائل طلب کرلیے ہیں۔