سول اسپتال، ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج، او پی ڈی کا عارضی بائیکاٹ

May 31, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول اسپتال کراچی کے ینگ ڈاکٹرز نے اپنے تحفظ کے لئے احتجاج کیا اور او پی ڈیز کا عارضی بائیکاٹ کیا۔ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی میں گزشتہ رات جاں بحق ہونے والے مریض کی میت ورثاء کے حوالے نہ کرنے پر لواحقین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی جس پر ہفتے کو ڈاکٹرز نے او پی ڈیز میں کام عارضی طور پر بند کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے، گذشتہ روز کرونا کے انتقال کرجانے والے مریض کی لاش مشتعل لواحقین ہمراہ لے گئے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کو ہراساں کرنے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو فرائض ادا کرنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں کے تحفظ کے لئے اسپتال کی سیکیورٹی مزید بڑھائی جائے ۔