دہشت گردی کی وارداتوں میں مطلوب ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد

May 31, 2020

دہشت گردی کی وارداتوں میں مطلوب ملزم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی اور وفاقی انٹیلی جنس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے داعش سے وابستہ دہشت گرد کوگرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم سکندر خان ولد کامل جان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے،پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے تفتیش کے دوران 2019 سے پہلے تحریک طالبان پاکستان سے وابستگی کا اعتراف کیا۔2013 میں ملزم کراچی میں دہشت گردی سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل بھیجا گیا جسے بعدازاں مردان جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔مردان جیل سے دہشت گردی کے مقدمات میں سزا کاٹنے کے بعد گرفتار ملزم سکندر نے 2019 میں دہشت گرد تنظیم داعش سے وابستہ ہو کر کراچی شہر میں ساتھیوں کی مدد سے بھتہ خوری شروع کر نے کا انکشاف کیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے پی آئی بی تھانے کی حدود میں ڈاکٹر سراج کو بھتے کی پرچی بھیجی، بھتہ نہ دینے پر ڈاکٹر سراج پر فائرنگ اور کلینک پر بم سے حملہ کر نے کا اعتراف کیا۔ملزم کیخلاف تھانہ پی آئی بی ، تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمات درج ہیں۔